تین روزہ خصوصی تربیتی کورس کامیابی سے اختتام پذیر

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی ہدایت پر منعقدہ تین روزہ خصوصی تربیتی کورس کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔
کمیونٹی لائزن ہال میں منعقدہ اس ورکشاپ میں ضلع بھر سے34تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ کورس کے اختتام پر شرکاء سے مسل رائٹنگ کا باقاعدہ ٹیسٹ بھی لیا گیا تاکہ ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں کا عملی جائزہ لیا جا سکے۔یہ تربیتی پروگرام منشیات کے مقدمات کی مؤثر تفتیش و پیروی،شواہد کے بہتر استعمال اور سزا یابی کے تناسب میں اضافہ یقینی بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔
ورکشاپ کے دوران ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عامر سہیل، ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ ، انسپکٹر ظہور احمد اور سب انسپکٹر اکرم نے خصوصی لیکچرز دیے اور تفتیشی و قانونی امور میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے حوالے سے جامع رہنمائی فراہم کی۔اس اقدام کا بنیادی مقصد تفتیشی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، قانونی تقاضوں سے ہم آہنگی اور منشیات کے مقدمات میں مؤثر پراسیکیوشن کے ذریعے انصاف کی فراہمی کو مزید مضبوط بنانا ہے



