کامن ویلتھ گیمز 2026: پاکستانی تیراکوں کی مایوس کن کارکردگی، کوئی بھی اگلے مرحلے میں نہ پہنچ سکا

گلاسگو(ویب ڈیسک)کامن ویلتھ گیمز 2026 کے سوئمنگ مقابلوں میں پاکستان کے تیراکوں کی مایوس کن کارکردگی دوسرے روز بھی برقرار رہی، جہاں ہفتے کو ایکشن میں نظر آنے والے چاروں قومی سوئمرز اپنے اپنے ایونٹس کی ابتدائی ہیٹس سے آگے نہ بڑھ سکے۔

ویمنز 200 میٹر فری اسٹائل میں پاکستان کی جہاں آرا نبی نے 2 منٹ 11.16 سیکنڈ میں ریس مکمل کی اور 36 تیراکوں میں 29ویں پوزیشن حاصل کی، جس کے باعث وہ فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کر سکیں۔

مینز 400 میٹر فری اسٹائل میں احمد درانی نے 4 منٹ 14.85 سیکنڈ کا وقت ریکارڈ کیا اور 27 تیراکوں میں 22ویں نمبر پر رہے، یوں وہ بھی فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔

مینز 50 میٹر فری اسٹائل میں حمزہ آصف نے 24.17 سیکنڈ کے ساتھ 68 تیراکوں میں 39ویں پوزیشن حاصل کی، تاہم وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والے ٹاپ 16 سوئمرز میں جگہ نہ بنا سکے۔

ویمنز 100 میٹر بریسٹ اسٹروک میں حریم ملک نے 1 منٹ 22.51 سیکنڈ میں ریس مکمل کی اور 28 تیراکوں میں 27ویں نمبر پر رہیں، جس کے باعث وہ بھی سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔

یاد رہے کہ احمد درانی اور جہاں آرا نبی پہلے روز بھی اپنے ابتدائی مقابلوں میں ہیٹس سے آگے نہیں بڑھ سکے تھے، جس کے بعد پاکستان کا سوئمنگ دستہ اب تک کوئی نمایاں کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔

مزید خبریں

Back to top button