کوئٹہ میں نجی اسکولوں کی چھٹیوں کی فیس وصولی پر پابندی

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کوئٹہ میں نجی اسکولوں کی جانب سے چھٹیوں کی فیس وصول کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کے لیے ڈپٹی کمشنر ویسٹ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی نے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو عدالتی فیصلے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹیوں کے دوران فیس وصولی پر پابندی عائد ہوگی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ سردیوں کی چھٹیوں کے دوران فیس وصول کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والے اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور انہیں سیل کرنے کے اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی نجی اسکول چھٹیوں کی فیس وصول کرے تو وہ اپنی شکایت فوری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس یا محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام تک پہنچائیں، تاکہ عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔



