جنسی زیادتی کے مبینہ جھوٹے مقدمات درج کرانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد پولیس نے جنسی زیادتی کے جھوٹے مقدمات درج کرانے اور بعد ازاں مبینہ طور پر رقم کے عوض ملزمان کے حق میں بیانات دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت 7 مقدمات کے مدعیان اور گواہوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی علی وسیم نے ہدایت کی ہے کہ جنسی زیادتی کے جھوٹے الزامات عائد کرکے مقدمات درج کرانے اور بعد میں مبینہ طور پر بڑی رقوم کے عوض ملزمان کے حق میں بیانات دے کر مقدمات ختم کرانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
علی وسیم کا کہنا ہے کہ جنسی زیادتی جیسے سنگین جرم کا جھوٹا الزام لگا کر ذاتی مفادات حاصل کرنا اور قانون کا غلط استعمال کرنا قابلِ کارروائی ہے۔ ایسے معاملات میں متعلقہ قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد کے مطابق اس اقدام کا مقصد قانون کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی متاثرین کو انصاف فراہم کرنا اور خواتین سمیت تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
پولیس کے مطابق 7 مقدمات کے مدعیان اور گواہوں کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ تاہم متعلقہ افراد کے خلاف الزامات اور ان کی قانونی حیثیت کا حتمی تعین متعلقہ تفتیشی اور عدالتی کارروائی کے مطابق ہوگا۔



