رواں مالی سال پاکستان کی معیشت 4 فیصد سے زائد ترقی کرے گی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

بنکاک (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت رواں مالی سال 4 فیصد سے زائد ترقی کرے گی، جبکہ حکومت نے 5 سے 6 سرکاری اداروں کی نجکاری کے ذریعے ایک ارب ڈالر سے زائد حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

بنکاک میں بلومبرگ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ عالمی اور علاقائی حالات کے باوجود پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے اور زرعی شعبہ بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان 10 ارب ڈالر کے ایکسچینج اسٹیبلائزیشن فنڈ سے متعلق بات چیت جاری ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ سہولت حاصل ہو جاتی ہے تو پاکستان کے لیے معاون ثابت ہوگی، تاہم اس میں کامیابی نہ ملنے کی صورت میں بھی عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی متاثر نہیں ہوگی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کے بعد پاکستان کے لیے ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت ملنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے ملک میں ایندھن کی مناسب مقدار کی دستیابی یقینی بنا کر قلت سے بچنے کی کوشش کی ہے، جبکہ مہنگائی پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ تقریباً ایک درجن ادارے نجکاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔ رواں مالی سال 5 سے 6 اداروں کی نجکاری سے ایک ارب ڈالر سے زائد حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری اور ہوائی اڈوں کے انتظامی امور نجی شعبے کے حوالے کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

وزیر خزانہ کے مطابق حکومت ملکی معیشت میں نجی شعبے کا کردار بڑھانا چاہتی ہے، جس کے لیے نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button