وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرایوں میں فی الفور کمی کرانے کا حکم دیدیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرایوں میں فی الفور کمی کرانے کا حکم دیدیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے مشکل صورتحال میں بھرپور ساتھ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی پر وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ان کی ٹیم کوسراہا ۔ آج جمعہ کی شام اسلام آباد سے پٹرول اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے حکم نامے کے اجرا کے بعد پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا، وزیراعظم محمد شہبازشریف نے علاقائی صورتحال میں بہتری آنے پر پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا وعدہ پورا کیا- مریم نوازشریف نے کہا کہ علاقہ کی صورتحال کی وجہ سے قوم کو انرجی بحران سے محفوظ رکھنا وزیراعظم شہبازشریف کاتاریخی کارنامہ ہے-وزیراعظم محمد شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے مشکل وقت میں تاریخ ساز کاوشوں سے دنیاکو انرجی اور معاشی بحران سے بچایا- مریم نوازشریف نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا بھر پور فائدہ عوام کو ہر صورت پہنچنا چاہیے- پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کے پیش نظر اشیائے خورد ونوش کے نرخ بھی نیچے آنے چاہیے-



