روزانہ محنت مزدوری سے گھر چلانے والے گلزار کشمیری کو ٹیکس نوٹس، حکام سے ازالے کی اپیل

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) فاضل ٹاؤن کی گلیوں میں ریڑھے پر برف فروخت کرکے اپنے خاندان کا پیٹ پالنے والے محنت کش گلزار کشمیری نے شکایت کی ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے اسے ٹیکس نظام میں رجسٹرڈ کرکے فائلر کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے اور اب اسے ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے نوٹس بھیجے جا رہے ہیں، حالانکہ اس کا ذریعہ آمدن انتہائی محدود ہے۔ گلزار کشمیری نے بتایا کہ وہ شوگر مل میں ملازمت کے بعد اب گرمی کے موسم میں ریڑھے پر برف فروخت کرتا ہے جبکہ موسم گزرنے کے بعد جو بھی محنت مزدوری ملتی ہے، وہ کرکے اپنے گھر کا چولہا چلاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود آمدن کے باوجود ایف بی آر کی جانب سے بغیر کسی مناسب جانچ پڑتال کے اسے فائلر کی فہرست میں شامل کیے جانے اور ٹیکس کی ادائیگی کے نوٹس ملنے سے وہ پریشان ہے۔ گلزار کشمیری نے چیف جسٹس سپریم کورٹ، وفاقی حکومت اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ روزانہ کی بنیاد پر محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والے کم آمدن افراد کے معاملات کا جائزہ لیا جائے اور اگر اسے غلط طور پر ٹیکس نظام میں شامل کیا گیا ہے تو اس کا ازالہ کرکے اسے قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔



