لاڑکانہ: رتودیرو میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ، والد اور 2 بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) رتودیرو میں دیرینہ دشمنی اور زرعی زمین کے تنازع پر مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں والد، ان کے دو بیٹوں، ایک رشتے دار اور راہگیر سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
واقعہ رتودیرو کے جیکب آباد روڈ پر پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر زرعی زمین کے تنازع پر جاری دیرینہ دشمنی کے دوران مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں رجب علی گھانگھرو، ان کے دو بیٹے قربان علی اور ریاض حسین، رشتے دار رجب گھانگھرو جبکہ ایک راہگیر عبداللہ بروہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے بعد مبینہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔
پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ، مقتولین کے پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیاں بھی جاری ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کرکے مختلف ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔
پانچ افراد کے قتل کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔



