کراچی: بندرگاہوں پر ون ڈور سہولت مرکز کا قیام تیز کرنے کی ہدایت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری نے کراچی میں ون ڈور سہولت مرکز کے قیام کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندرگاہوں سے متعلق تمام کاروباری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں تاکہ کاروباری افراد کو سرکاری امور کی انجام دہی میں آسانی ہو۔

وزارتِ بحری امور کے مطابق وفاقی وزیر نے یہ ہدایات ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، جس میں وزارت کے جاری منصوبوں، پالیسی اقدامات اور بحری شعبے سے متعلق مختلف امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بحری تجارت کو سہولیات فراہم کرنے، ماہی گیری کے شعبے کو مستحکم بنانے اور ملک کی بلیو اکانومی کے فروغ سے متعلق منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

جنید انور چوہدری نے مجوزہ ون ڈور سیل کے قیام پر پیشرفت تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے تجارتی سہولت کاری کے وژن کے مطابق بندرگاہی تجارت سے متعلق خدمات ایک ہی مقام پر دستیاب ہونی چاہئیں۔

اجلاس میں جہازوں اور ماہی گیری کے لیے استعمال ہونے والے بحری جہازوں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ بلیو اکانومی اور ماہی گیری سے وابستہ برآمد کنندگان کے لیے ٹیکس مراعات کے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔

وزارت کی جانب سے قومی میری ٹائم پالیسی اور قومی فشریز اینڈ ایکوا کلچر پالیسی کی تیاری میں پیشرفت سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ شپنگ اور ٹرانس شپمنٹ پالیسی پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں سی ٹو اسٹیل منصوبے، مجوزہ انٹیگریٹڈ میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس اور پورٹ قاسم کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی منوڑہ ورکشاپ کی بحالی اور گوادر پورٹ کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت بھی زیر غور آئی۔

مزید خبریں

Back to top button