پاکستانی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ آسکرز 2027 کیلئے منتخب

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستانی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ کو آسکرز 2027 میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے پاکستان کی جانب سے باضابطہ طور پر منتخب کر لیا گیا۔

پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن ثناء زہرا جعفری نے کینیڈا میں منعقدہ موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران فلم کے پریمیئر کے موقع پر اس انتخاب کا اعلان کیا۔

ان کے مطابق اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ساز محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم کو اکیڈمی ایوارڈز کی بین الاقوامی فیچر فلم کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان نے آسکرز کی اس کیٹیگری میں ملک کی نمائندگی کے لیے کسی دستاویزی فلم کا انتخاب کیا ہے۔

’ہینگنگ بائی اے وائر‘ اگست 2023 میں خیبر پختونخوا کے علاقے بٹگرام میں پیش آنے والے کیبل کار حادثے کی کہانی پر مبنی ہے، جس میں 6 طلبہ سمیت 8 افراد دریائے جھانگری سے تقریباً 600 فٹ بلندی پر کیبل کار میں پھنس گئے تھے۔

حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی گئی اور تقریباً 12 گھنٹے جاری رہنے والے مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد تمام 8 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

فلم کی تحریر اور ہدایات محمد علی نقوی نے دی ہیں جبکہ بلال سمیع نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔ دستاویزی فلم میں عینی شاہدین کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز، حادثے میں زندہ بچ جانے والوں کے بیانات اور سنیماٹک انداز میں کی گئی دوبارہ عکس بندی شامل ہے۔

’ہینگنگ بائی اے وائر‘ کا عالمی پریمیئر 2026 کے سنڈانس فلم فیسٹیول کے ورلڈ سنیما ڈاکیومنٹری مقابلے میں ہوا، جس کے بعد اسے 2026 کے وسط میں ٹرائیبیکا فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا۔ فلم کی پاکستان میں ریلیز بھی رواں سال متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button