چوہڑ جمالی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں اہلکار شہید،دوسرا زخمی

سجاول(گلشير مير/جانو ڈاٹ پی کے)چوہڑ جمالی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں اہلکار شہید، دوسرا زخمی، گاؤں کا محاصرہ، سرچ آپریشن جاری۔ شہید اہلکار واجد سومرو کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
سجاول ضلع کے شہر چوہڑ جمالی کے قریب گاؤں مجید اوٹھو میں دہشت کی علامت بنے مطلوب ملزمان دودو اوٹھو، حسن اوٹھو، زبیر اوٹھو اور مجید اوٹھو کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی، جس دوران مبینہ پولیس مقابلہ پیش آیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار واجد سومرو شہید جبکہ غلام مصطفیٰ چاوڑو زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس پارٹی گاؤں پہنچی تو ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس پر اچانک فائرنگ کردی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ شدید فائرنگ کے دوران دونوں اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے چوہڑ جمالی رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں سول اسپتال سجاول اور بعد ازاں سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا۔ واجد سومرو دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے، جبکہ غلام مصطفیٰ چاوڑو کا علاج جاری ہے۔ ایس ایس پی سجاول علینہ راجپر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اہلکار واجد سومرو دورانِ علاج شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد گاؤں عبدالمجید اوٹھو اور گردونواح کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ سجاول، ٹھٹھہ، بدین سمیت حیدرآباد رینج کے مختلف اضلاع سے پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسری جانب شہید پولیس اہلکار واجد سومرو کی نمازِ جنازہ دڑو میں ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ پولیس حکام، سرکاری افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔



