چھاچھرو روڈ پر مبینہ حملہ،2افراد شدید زخمی،حیدرآبادریفر

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی /جانو ڈاٹ پی کے) وجوٹو تھانے کی حدود میں گاؤں ڈیتھان بھیل کے قریب چھاچھرو روڈ پر مبینہ طور پر لاٹھیوں اور کلہاڑیوں سے حملے کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق گاؤں راجی باہ سے تعلق رکھنے والے جونیجا برادری کے چند افراد نے مبینہ طور پر عالم بھیل اور غلام بھیل پر حملہ کیا، جس کے باعث دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال مٹھی منتقل کیا گیا، جہاں سے ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر مزید علاج کے لیے حیدرآباد ریفر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل غلام بھیل کی بکریاں چوری ہو گئی تھیں، جس پر انہوں نے گاؤں راجی باہ کے بعض افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ الزام ہے کہ اسی معاملے پر ناراض ہو کر ملزمان نے مبینہ طور پر یہ حملہ کیا۔
واقعے کے حوالے سے پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے، جبکہ متاثرہ فریق نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



