چھاچھرو کے تیلی محلے میں گلی بندکرنے پر جھگڑا،11افراد زخمی،مقدمہ درج نہ ہوسکا

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تعلقہ چھاچھرو کے تیلی محلے میں گلی بند کرنے کے معاملے پر تیلی برادری کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، جس کے دوران لاٹھیوں اور سریوں کے وار سے دونوں فریقوں کے مجموعی طور پر 11 افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق ایک گروپ کی قیادت سراج تیلی کر رہا تھا، جس پر گلی بند کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔ اس گروپ کے زخمیوں میں رمضان ولد طیب، شبیر شریف، شاہجان رمضان، شہباز شریف اور فیضان رمضان شامل ہیں۔
دوسرے گروپ کی قیادت بھورو تیلی کر رہا تھا، جس نے مبینہ طور پر گلی بند کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔ اس گروپ کے زخمیوں میں برکت ولد بھورو، نواب بھورو، حبیب اللہ بھورو، وسیم بھورو، بابو مبارک اور شاہ رخ بابو شامل ہیں۔
واقعے کے بعد دونوں گروپوں کے زخمیوں کو چھاچھرو تھانے کی پولیس کی جانب سے لیٹر جاری کرکے سول اسپتال چھاچھرو منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد اور ابتدائی علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق تاحال اس واقعے کا کوئی مقدمہ (ایف آئی آر) درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



