ٹرمپ کا 50 فیصد ٹیرف، کینیڈین کار ساز فیکٹریاں خطرے میں پڑ گئیں

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا سے درآمد ہونے والی گاڑیوں پر مجوزہ 50 فیصد ٹیرف جاپانی کار ساز کمپنیوں ٹیوٹا اور ہونڈا کے لیے بڑا چیلنج بن گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹیوٹا اور ہونڈا کینیڈا میں تیار ہونے والی مجموعی گاڑیوں میں تین چوتھائی سے زائد حصہ رکھتی ہیں۔ اگر مجوزہ ٹیرف یکم جنوری سے نافذ ہوا تو امریکی مارکیٹ کے لیے کینیڈا میں تیار کی جانے والی گاڑیوں کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ سال کینیڈا میں تیار ہونے والی گاڑیاں ہونڈا کی امریکی فروخت کا تقریباً 25 فیصد جبکہ ٹیوٹا کی امریکی فروخت کا 17 فیصد تھیں۔ دونوں کمپنیوں کے لیے امریکا انتہائی اہم مارکیٹ ہے۔
مجوزہ اقدام موجودہ 25 فیصد ٹیرف کو دوگنا کردے گا، جس سے کینیڈا میں گاڑیوں کی پیداوار کی معاشی افادیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ آٹو انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ صورتحال سنگین ہوئی تو ٹیوٹا اور ہونڈا کو اپنی بعض کینیڈین اسمبلی لائنیں بند کرنے پر بھی غور کرنا پڑسکتا ہے۔
کینیڈا کی آٹو انڈسٹری سالانہ تقریباً 12 لاکھ گاڑیاں تیار کرتی ہے اور بالواسطہ طور پر تقریباً 4 لاکھ 27 ہزار ملازمتوں کو سپورٹ کرتی ہے۔
ٹیوٹا کینیڈا سے RAV4 جبکہ ہونڈا CR-V امریکا برآمد کرتی ہے، دونوں گاڑیاں امریکی مارکیٹ کی مقبول SUVs میں شمار ہوتی ہیں۔
دوسری جانب جاپانی کمپنیوں کو جنوب مشرقی ایشیا، یورپ اور لاطینی امریکا میں کم قیمت چینی الیکٹرک گاڑیوں سے بھی بڑھتے ہوئے مقابلے کا سامنا ہے، اگرچہ چینی کمپنی BYD کو فی الحال امریکی مارکیٹ تک براہِ راست رسائی حاصل نہیں۔
ٹیوٹا پہلے ہی امریکی ٹیرف کے مالی اثرات کا سامنا کرچکی ہے۔ کمپنی کے مطابق گزشتہ مالی سال میں امریکی ٹیرف کے باعث اسے تقریباً 1.4 ٹریلین ین (8.8 ارب ڈالر) کا نقصان ہوا۔
کمپنی امریکی پیداوار بڑھانے کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے اور اگلے پانچ برسوں کے دوران امریکا میں 10 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کا ہدف ظاہر کرچکی ہے، جس میں ٹیکساس میں 3.6 ارب ڈالر کی نئی گاڑیوں کی فیکٹری بھی شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر امریکا اور کینیڈا کے درمیان نیا تجارتی معاہدہ نہ ہوا اور 50 فیصد ٹیرف نافذ کردیا گیا تو ٹیوٹا اور ہونڈا کو اپنی کینیڈین پیداوار، سپلائی چین اور امریکی مارکیٹ کو گاڑیاں فراہم کرنے کی حکمت عملی میں بڑی تبدیلیاں کرنا پڑسکتی ہیں۔



