بورے والا: آن لائن گیم میں رقم ہارنے کے بعد پولیس کانسٹیبل نے خود کی گولی مارلی

بورےوالا(رپورٹ محمدریحان خالد سندھو جانو ڈاٹ پی کے)آن لائن گیم میں رقم ہارنے والے پیٹرولنگ پولیس کانسٹیبل کی مبینہ خود کشی۔آن لائن جہاز گیم (Aviator) میں بھاری رقم ہارنے کے بعد مبینہ طور پر ذہنی دباؤ کا شکار پیٹرولنگ پولیس کے کانسٹیبل نے سرکاری اسلحہ سے خود کو گولی مار لی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا۔ذرائع کے مطابق کانسٹیبل علی حسن ڈوگر پیٹرولنگ پولیس چیک پوسٹ پکھی موڑ پر بطور محرر تعینات تھا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق علی حسن نے مبینہ طور پر سرکاری بندوق سے خود کو گولی ماری۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علی حسن ایک عرصے سے آن لائن Aviator گیم کھیل رہا تھا اور اس دوران مبینہ طور پر بھاری رقم ہار چکا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ اس نے اپنی تنخواہ کے علاوہ عزیز و اقارب سے ادھار لی گئی رقم بھی مبینہ طور پر گیم میں لگا کر گنوا دی تھی۔ذرائع کے مطابق بھاری مالی نقصان کے باعث علی حسن ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور اسی پریشانی کے دوران اس نے مبینہ طور پر انتہائی قدم اٹھایا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلی حکام موقع پر پہنچ گئے۔شواہد اکٹھے کیے گئے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔پولیس کی حتمی تحقیقات اور شواہد سامنے آنے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجوہات کا تعین ہو سکے گا۔



