معرکۂ حق کی یاد میں بنیان المرصوص کرکٹ میچ کا اعلان،سیلیبریٹیزاور یوتھ الیون آمنے سامنے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)بنیان المرصوص کرکٹ میچ کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کردیا گیا اور اس سلسلے میں ایک تقریب معرکۂ حق اور بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ اور یادگار کے طور پر منعقد کی جا رہی ہے۔
چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور کھیلوں کے ذریعے قومی یکجہتی اور حب الوطنی کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے آغا شیراز ، لاہور قلندر اور شاہد آفریدی فاونڈیشن کا اس اقدام میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
پی ٹی وی ہیڈ کواٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود نے پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے تین لاکھ سے زائد نوجوان کھلاڑیوں نے اس پروگرام میں حصہ لیا، جن میں سے کئی اب پاکستان سپر لیگ میں کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ سیلیبریٹیز الیون اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام الیون کے درمیان نمائشی میچ 3 جون کو Lahore Qalandars High Performance Center، کیپیٹل اسمارٹ سٹی اسلام آباد میں شام 6 بجے کھیلا جائے گا جس کے بعد تفریحی سرگرمیوں اور جشن کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آغا شیراز نے اس اقدام کو کھیلوں اور تفریح کے ذریعے معرکۂ حق کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک خوبصورت کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میچ قومی اتحاد، حب الوطنی اور یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ ایونٹ عوام کے لیے خوشی اور مثبت پیغام کا باعث بنے گا۔
سابق کپتان شاہدآفریدی نے رانامشہود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس کو سابق کھلاڑیوں اور مالی مشکلات کا شکار اسپورٹس شخصیات کی مدد کے لیے بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پرائم منسٹر کے پلیٹ فارم کے ذریعے مستحق کرکٹرز، ہاکی کھلاڑیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کو مالی معاونت فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ملک کی خدمت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کا بھی ذریعہ ہونے چاہییں۔
لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئےرانا عاطف نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کو اس اقدام میں لاہور قلندرز کو شامل کرنے پر سراہا۔ انہوں نے 28 شہروں میں منعقدہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں نوجوانوں کی صلاحیتوں اور جذبے کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے صرف مناسب مواقع اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر چئیرمین رانا مشہود احمد خاں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، قومی اتحاد اور مثبت سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پرائم منسٹر شہباز شریف اورفلیڈ مارشل آصف منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں پاکستان کو مضبوط بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بنیان المرصوص کرکٹ میچ محض ایک کھیل نہیں بلکہ دنیا کو اتحاد، حب الوطنی اور امید کا پیغام دینے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلیبریٹیز، لاہور قلندرز اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی شرکت اس ایونٹ کو یادگار اور پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔



