پنجاب میں آبی پرندوں کے قانونی شکار کے موسم کا اعلان
آبی پرندوں کا شکار یکم اکتوبر سے 31 مارچ تک جاری رہے گا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب میں آبی پرندوں کے قانونی شکار کے موسم کا اعلان کردیا گیا، آبی پرندوں کا شکار یکم اکتوبر 2026 سے 31 مارچ 2027 تک جاری رہے گا۔محکمہ وائلڈلائف کے مطابق آبی پرندوں کا شکار صرف ہفتہ اور اتوار کے روز کیا جاسکے گا، جبکہ شکار کے لیے مستند شوٹنگ پرمٹ کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق پنجاب بھر کے پروٹیکٹڈ ایریاز میں ہر قسم کے شکار پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ شکار کی مقررہ تعداد وائلڈلائف ایکٹ کے جدول اول کے مطابق ہوگی۔محکمہ وائلڈلائف نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تعداد سے زائد آبی پرندوں کا شکار جرم تصور ہوگا، جس پر جرمانہ، قید یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔حکام کے مطابق گاڑی میں سوار ہوکر شکار کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے، جبکہ شکاریوں کو شکار کے دوران فصلوں اور لوگوں کی املاک کو نقصان نہ پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ وائلڈلائف نے ہدایت کی ہے کہ آبی پرندوں کے شکار کے دوران تمام متعلقہ قوانین اور ضوابط کی پابندی یقینی بنائی جائے، جبکہ شکار کو محض کھیل سمجھا جائے اور اسے گوشت کے حصول کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔محکمہ وائلڈلائف کے مطابق صوبہ بھر کے ہاٹ سپاٹس کی کڑی نگرانی کے لیے افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ زونل، ریجنل اور ضلعی وائلڈلائف افسران کو شکار کے موسم کے دوران نگرانی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔شکار کے موسم کے آغاز کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو اعلامیے کی نقول بھی ارسال کردی گئی ہیں۔



