راولپنڈی میں تہرے قتل کیس کا فیصلہ، پانچ ملزمان کو پھانسی کی سزا

راولپنڈی(جانو ڈاٹ پی کے)راولپنڈی کی ایڈیشنل اینڈ ڈسٹرکٹ سیشن عدالت کی جج افشاں اعجاز نے غیرت کے نام پر تہرے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پانچ ملزمان کاشف، احسن، آصف، اسماعیل اور یاسر کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم دے دیا۔
عدالت نے پانچوں مجرمان کو فی کس 2 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کی سزا بھی سنائی، جبکہ گھر میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کے جرم میں ہر ملزم کو 5 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔
فیصلے کے مطابق قتل کی سازش کے جرم میں بھی ملزمان کو 2، 2 سال قید اور فی کس 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ یوں پانچوں ملزمان کو مجموعی طور پر سزائے موت، 10 لاکھ روپے ہرجانہ، 35 سال قید اور ایک لاکھ 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔
پولیس کے مطابق جولائی 2023 میں تھانہ کلرسیداں کے علاقے میں غیرت کے نام پر ایک خاتون سمیت تین افراد کو قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔



