بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں طلبا کیلئے مفت داخلے کا اعلان

ڈھاکہ(جانوڈاٹ پی کے)بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں طلبا اور کرکٹ اکیڈمی میں کرنے والوں کے لیے مفت داخلے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ بنگلادیش بمقابلہ پاکستان ٹیسٹ سیریز میں کرکٹ کے شوقین جونیئرز کو کھیل کا بہترین فارمیٹ اسٹینڈز اور گیلریز سے دیکھنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ وہ طلبا جو اپنے اسکول یا تعلیمی ادارے کا یونیفارم پہنے ہوں گے اور اسکول یا ادارے کی درست شناختی دستاویز رکھتے ہوں گے وہ متعین کردہ گیلریز میں مفت میچ دیکھ سکیں گے۔
بورڈ نے مزید کہا کہ پرائیوٹ اکیڈمیوں میں ٹریننگ کرنے والے انڈر 15 نوجوان بھی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
واضح رہے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا میچ 8-12 مئی تک میر پور کے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
جبکہ دوسرا میچ 16-20 مئی تک سلہٹ کے سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔



