بلوچستان میں ایمرجنسی سروس جدید بنانے کا فیصلہ، 1122 میں 9 نئی ایمبولینسز شامل

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان حکومت نے صوبے میں ایمرجنسی ایمبولینس سروس کو جدید بنانے کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 میں جدید سہولیات سے لیس 9 نئی ایمبولینسز شامل کردی ہیں۔

نئی ایمبولینسز حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات میں شہریوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور ضرورت مند مریضوں کو بروقت طبی مراکز تک منتقل کرنے کے لیے استعمال کی جائیں گی۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ ایمرجنسی ریسپانس سافٹ ویئر کے ذریعے بلوچستان بھر میں موجود ایمبولینسز کی مؤثر ڈیجیٹل ٹریکنگ ممکن ہوگی، جس سے ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حادثات کی صورت میں متاثرین کو فوری طبی امداد کی فراہمی اور انہیں صحت کی سہولیات تک بروقت منتقل کرنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

بخت محمد کاکڑ کے مطابق بلوچستان کی تمام ایمبولینسز کو جلد میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 کے کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم سے منسلک کردیا جائے گا، جس سے صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی ہنگامی طبی امداد کی بروقت فراہمی ممکن ہوگی۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ایمبولینس سروسز کی مانیٹرنگ اور شفافیت میں بہتری آئے گی، جبکہ رسپانس ٹائم کو بھی مزید کم کیا جاسکے گا۔

میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 میں 9 نئی ایمبولینسز کی شمولیت کو بلوچستان کے شعبہ صحت میں ایمرجنسی سروسز کی بہتری کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button