ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شہزاد شیخ کا دورہ بدین،مختلف امور کا جائزہ لیا

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شہزاد شیخ ایک روزہ دورے پر بدین پہنچے، جہاں انہوں نے ضلعی اطلاعات دفتر بدین کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے دفتر کی کارکردگی، میڈیا مینجمنٹ اور عوامی آگاہی مہمات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر حیدرآباد دفتر سے آئے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد یعقوب اور انفارمیشن آفیسر علی وقاص سہتو جبکہ ضلعی اطلاعات دفتر بدین کے انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں اور انفارمیشن آفیسر عرفان علی جونیجو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے دورے کے دوران ضلعی اطلاعات دفتر بدین کے افسران نے ڈویژنل ڈائریکٹر کو دفتر کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلعی اطلاعات دفتر بدین حکومت سندھ، ضلعی انتظامیہ اور مختلف سرکاری اداروں کے عوام دوست منصوبوں، ترقیاتی کاموں، فلاحی پروگراموں، صحت، تعلیم، زراعت، انسداد پولیو مہم، ماحولیات، ڈیجیٹل گورننس اور دیگر عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے مؤثر انداز میں اجاگر کر رہا ہے بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ضلعی اطلاعات دفتر بدین سرکاری میڈیا کوریج میں انتہائی اہم اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ دفتر ضلعی سطح پر منعقد ہونے والی اہم سرکاری نشستوں، تقریبات، عوامی فلاحی مہمات، ہنگامی صورتحال سے متعلق آگاہی سرگرمیوں اور حکومتی پالیسیوں کو بروقت میڈیا تک پہنچا کر عوام کو مستند اور درست معلومات فراہم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ضلعی انتظامیہ اور حکومت سندھ کی کارکردگی کو نمایاں کرنے کے لیے جدید ذرائع ابلاغ کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شہزاد شیخ نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کا بنیادی مقصد حکومت کے مثبت اقدامات، عوامی فلاحی منصوبوں اور ترقیاتی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا ایک طاقتور اور مؤثر ذریعہ ابلاغ بن چکا ہے، لہٰذا جدید تقاضوں کے مطابق اس کا بہتر اور ذمہ دارانہ استعمال انتہائی ضروری ہے انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر میڈیا کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے اور ہر اہم سرکاری سرگرمی، عوامی مفاد کے منصوبے اور حکومتی اقدام کو بروقت، شفاف اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ عوام کو حکومت کی کارکردگی اور خدمات کے بارے میں مکمل اور درست آگاہی حاصل ہو سکے دورے کے دوران ڈویژنل ڈائریکٹر نے اطلاعات دفتر کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور محنت کی تعریف کی۔ انہوں نے ضلعی اطلاعات دفتر بدین کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں بعد ازاں ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد نے زیرِ تعمیر ضلعی اطلاعات دفتر کی عمارت کا بھی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔



