بدین،افغان جارحیت میں شہید ہونے والے جوان غلام محبوب سومرو کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

بدين (jano.pk) پاک افغان بارڈر پر ملک دشمنوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے وطن عزیز پر جان قربان کرنے والے شہید غلام محبوب سومرو کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے میں سپردِ خاک کیا گیا۔
پاک افغان بارڈر پر دشمنوں کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہونے والے فوجی جوان کے جسد خاکی کو ان کے آبائی گاؤں ابو شیخا بدین لایا گیا۔
شہید کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں ابو شیخا میں ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں برگیڈیئر محمد شہباز افضل، ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، پاک فوج کے افسران و جوان، ڈی ایس پی بدین پیر شبیر حیدر، ایس ایچ او تھانہ بدین انسپکٹر اعجاز احمد سومرو، انچارج ڈی آئی بی انسپکٹر محمد خان سومرو سمیت بدین پولیس کے جوان اور کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے آئی جی سندہ غلام نبی میمن کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے کہا کہ گاؤں الہڈنو سومرو (ابو شیخا) کے بہادر سپوت جو کہ سندہ رجمنٹ کا جوان تھا نے وطن عزیز پر اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا ہے ہم اسے سلام پیش کرتے ہیں اور انہی کی وجہ سے ہم سکون سے نیند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید قوم کا سرمایہ ہیں اور ہمیں بھی ان سے سبق سیکھنا چاہیے اور کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی شہیدوں کے نقش قدم چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔
ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے کہا کہ ملکی سلامتی اور امن و امان کے قیام کیلئے سندہ پولیس افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پاک فوج کے شہید غلام محبوب سومرو کے جسد خاکی کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان شاھ برھان بدین میں سپردِ خاک کیا گیا۔



