بدین میں زمین کا تنازع خونریز ہوگیا، زخمی ہاری کراچی میں دم توڑ گیا

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ / پی کے)شادی لارج کے قریب زمین پر جھگڑے میں زخمی ہاری کراچی کے اسپتال میں دم توڑ گیا، متاثرہ خاندان کا ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ۔ شادی لارج کے قریب کھوسکی تھانے کی حدود میں ایک ہفتہ قبل زمین کے تنازع پر ہونے والے تصادم کے دوران شدید زخمی ہونے والا 50 سالہ ہاری بھائی خان چانڈیو کراچی کے ایک نجی اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ ہاری کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق شادی لارج کے قریب کھوسکی تھانے سے تقریباً تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں جت کالونی میں کافی عرصے سے زمیندار ادریس باجوہ کی زمین پر کاشت کاری کرنے والے چانڈیو برادری کے افراد پرکپاس کی چنائی کے دوران ملاح برادری کے افراد نے پانی کے تنازع اور دیگر دیرینہ رنجشوں کے باعث حملہ کیا تھا۔ تصادم کے نتیجے میں دونوں فریقین کے تقریباً 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔واقع میں 50 سالہ ہاری بھائی خان چانڈیو کو شدید چوٹیں آئی تھیں، جنہیں ابتدائی طور پر لعل بتی سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث بہتر علاج کے لیے کراچی روانہ کیا گیا۔ وہ کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔مقتول کے انتقال کے بعد ورثاء میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور انہوں نے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب کھوسکی پولیس نے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی روک تھام اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جائے وقوعہ اور ملزمان کے گاؤں کے اطراف اضافی پولیس نفری تعینات کردی ہے۔ پولیس کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ مزید کشیدگی یا تصادم کو روکا جا سکے

مزید خبریں

Back to top button