بدین کے ہزاروں شہریوں کی بدامنی،منشیات فروشی کیخلاف احتجاجی ریلی

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)بدین میں بڑھتی ہوئی بدامنی، چوری، ڈکیتی، راہزنی اور منشیات کی کھلے عام فروخت کے خلاف بدین کے ہزاروں شہریوں کی جانب سے اللہ والا چوک سے بدین پریس کلب تک ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی میں سومرو، میمن خواجہ چانڈیو، ملاح خاصخیلی اور دیگر برادریوں کے افراد کے علاوہ بدین بار ایسوسی ایشن کے صدر احسان بھرگڑی کی قیادت میں وکلاء کی بڑی تعداد کے علاوہ آباد گاروں اور سیاسی، سماجی شخصیات نے شرکت کی مظاہرین نے بدامنی، چوری، ڈکیتی، راہزنی اور منشیات کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے شہر میں امن و امان کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ریلی کی قیادت منان سومرو، جبل سومرو، عمران سومرو، سندھ تاجر رہنماؤں طارق خلیفو میمن ڈاکٹر یوسف خاصخیلی اور دیگر رہنماؤں نے کی بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ضلع بدین میں امن و امان کی صورتحال روز بروز خراب ہوتی جا رہی ہے۔ شہر اور مختلف شاہراہوں پر چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی بدین کو بارہا شکایات پیش کرنے کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی، جس کے باعث شہری خوف اور عدم تحفظ کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی مداخلت کی وجہ سے پولیس اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا نہیں کر پا رہی، جس کے نتیجے میں جرائم پیشہ عناصر بے خوف ہو کر سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدین میں چرس، آئس، ہیروئن، شراب، سفینہ، گٹکا اور دیگر منشیات کی کھلے عام فروخت جاری ہے، جس سے متعدد خاندان تباہ ہو چکے ہیں مگر پولیس، ایکسائز اور نارکوٹکس محکموں کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بدین میں فوری طور پر امن و امان بحال کیا جائے چوری، ڈکیتی، راہزنی اور منشیات ڈیلروں میں کے خلاف بلاامتیاز گرینڈ آپریشن کر کے انہیں گرفتار کیا جائے اور منشیات فروشوں کے سہولت کاروں پولیس اہلکاروں کو بدین سے فوری طور پر بدر کیا جائے سیاسی دباؤ سے آزاد پولیس افسران کی تعیناتی کرکے قانون کے مطابق کام کرنے کا موقع دیا جائے اور شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button