کیفے سے فلیٹ تک، پولیس نے غیر ملکی خاتون کی نقل و حرکت کی کڑیاں جوڑنا شروع کردیں
غیر ملکی خاتون کیس میں اہم پیش رفت، کیفے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سے تحقیقات آگے بڑھانے کا فیصلہ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ خاتون ڈیانا سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے خاتون کی شہر کے مختلف کیفے میں موجودگی سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنا شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق خاتون لاہور میں قیام کے دوران مختلف کیفے جاتی رہی تھیں اور جوہر ٹاؤن اور ڈیفنس کے کیفے میں بھی ان کی موجودگی سامنے آئی۔ پولیس مبینہ طور پر ان مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ خاتون کی نقل و حرکت اور ان سے رابطے میں رہنے والے افراد سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں۔
تحقیقات میں پولیس نے مبینہ واردات میں استعمال ہونے والی سفید گاڑی بھی تحویل میں لے لی ہے، جبکہ پولیس کے مطابق کیس میں پانچ افراد کی شناخت مکمل کی جاچکی ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ دو خواتین انہیں کیفے لے کر گئیں، جہاں تین مرد پہلے سے موجود تھے۔ بعد ازاں انہیں ایک فلیٹ لے جایا گیا جہاں مبینہ طور پر نشہ آور چیز دی گئی اور تین افراد نے مبینہ زیادتی کی۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج کیا گیا ہے۔
تازہ پیش رفت کے مطابق متاثرہ خاتون کو لاہور کی کینٹ کچہری میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد صغیر کے روبرو ان کا دفعہ 164 کے تحت بیان قلمبند کیا جانا تھا۔ پولیس نے کیس کی مزید تفتیش جاری رکھی ہوئی ہے۔



