ارجنٹینا اورانگلینڈ دشمنی کی تاریخ کتنی پرانی،فاک لینڈزتنازع ہے کیا؟

ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں فتح کے بعد "فاک لینڈز ہمارا ہے” کا سیاسی بینر اٹھا لیا۔ مارٹینیز اور جیووانی کو بینر شائقین کی جانب لہراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔فیفا کے ضابطہ اخلاق کے مطابق اسٹیڈیم کے اندر سیاسی، توہین آمیز یا امتیازی نوعیت کے بینرز، جھنڈے یا دیگر مواد کی نمائش پر پابندی ہے۔ فیفا کی جانب سے کھلاڑیوں پر جرمانے لگ سکتے ہیں۔
فاک لینڈ جزائر کا تنازع کیا ہے؟
فاک لینڈ جزائر، جنہیں ارجنٹینا ’مالویناس‘ کہتا ہے، جنوبی بحرِ اوقیانوس میں واقع جزائر کا ایک مجموعہ ہے۔ یہ جزائر برطانیہ سے تقریباً ’8 ہزار میل‘ جبکہ ارجنٹینا کے ساحل سے تقریباً ’300 میل‘ کے فاصلے پر واقع ہیں۔
برطانیہ ان جزائر کو اپنا ’سمندر پار علاقہ‘ قرار دیتا ہے، جبکہ ارجنٹینا کئی دہائیوں سے ان پر اپنی خودمختاری کا دعویٰ کرتا آ رہا ہے۔فاک لینڈ جزائر پر تنازع اپریل 1982 میں اس وقت جنگ میں تبدیل ہو گیا، جب ارجنٹینا کی فوج نے جزائر پر قبضہ کر لیا۔ اس کے جواب میں برطانیہ نے ایک بڑی بحری اور فوجی کارروائی شروع کی۔ یہ جنگ 74 دن جاری رہی اور جون 1982 میں برطانوی افواج نے دوبارہ جزائر کا کنٹرول حاصل کر لیا۔ اس جنگ میں ارجنٹینا کے 655 فوجی، انگلینڈ کے 255 فوجی اور جزائر کے تین شہری ہلاک ہوئے تھے۔
اگرچہ جنگ کو چار دہائیاں گزر چکی ہیں، لیکن فاک لینڈ جزائر کی خودمختاری کا تنازع آج بھی ارجنٹینا اور برطانیہ کے درمیان سفارتی اختلافات کا اہم سبب ہے، اور دونوں ممالک اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔
فیفا نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے حالیہ اقدام پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا، تاہم ماضی کی مثالوں اور قوانین کے پیش نظر ارجنٹینا کو ایک بار پھر تادیبی کارروائی یا جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔