اسحاق ڈار کا کویتی وزیر خارجہ سے رابطہ، مکہ دفاعی معاہدے اور خطے کی صورتحال پر گفتگو


اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں مکہ دفاعی معاہدے اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ نے خطے کی صورتحال، بشمول مقبوضہ مشرقی یروشلم، پر بھی گفتگو کی۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور کا جائزہ لیا گیا، جبکہ کویتی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان کے فالو اَپ پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اہم شعبوں میں باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔