میررضاکیس میں بڑاموڑ!حکومت نے جوڈیشل کمیشن کافیصلہ مؤخر کردیا،نئی تحقیقاتی ٹیم متحرک

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) میر رضا کیس میں اچانک بڑی پیش رفت سامنے آگئی، حکومت نے جوڈیشل کمیشن یا جوڈیشل انکوائری بنانے کا فیصلہ فی الحال مؤخر کردیا، جبکہ کیس کی تحقیقات کے لیے نئی ٹیم نے کام شروع کردیا ہے۔ میر رضا کے وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ نے نئی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کیس میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جبران ناصر نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے تسلیم کرلیا ہے کہ میر رضا کا معاملہ خودکشی نہیں بلکہ قتل کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خودکشی کے مؤقف پر مسلسل اصرار سے سابق تفتیشی ٹیم کی ساکھ متاثر ہوئی۔
نئی ٹیم سے امیدیں وابستہ، 3 سے 4 دن فیصلہ کن قرار
جبران ناصر کے مطابق اہل خانہ نے اچھی شہرت رکھنے والے افسران پر مشتمل نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال جوڈیشل کمیشن کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، کیونکہ تفتیش کرنا پولیس کا آئینی اور قانونی اختیار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھ کر مؤقف سے آگاہ کردیا گیا ہے اور اہل خانہ کو عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے۔
جبران ناصر نے خبردار کیا کہ اگر نئی تحقیقاتی ٹیم بھی ناکام ہوئی تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ ان کے مطابق آئندہ 3 سے 4 دن کیس کی تحقیقات کے حوالے سے انتہائی اہم ہوسکتے ہیں۔
فرانزک نمونوں میں مبینہ تاخیر نے خطرے کی گھنٹی بجادی
جبران ناصر نے ڈی این اے اور دیگر فرانزک نمونوں کے لیبارٹری تک نہ پہنچنے کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فرانزک شواہد میں تاخیر پر متعلقہ تفتیشی افسران کو جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر فرانزک نمونوں کے تحفظ میں غفلت ثابت ہوئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، جبکہ کیس میں کسی بھی قسم کی غفلت یا بدنیتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
میر رضا کے والد بھی بول پڑے، انصاف کی امید برقرار
میر رضا کے والد میر حسین نے کہا کہ آج کی پیش رفت سے انہیں کچھ اطمینان ملا ہے۔ ان کے مطابق اگر حقائق پہلے سامنے آجاتے تو شاید قبر کشائی کی ضرورت ہی پیش نہ آتی۔
انہوں نے کہا کہ کیس اب ایک اہم مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور امید ہے کہ ان کے بیٹے کو انصاف ملے گا۔ نئی تحقیقاتی ٹیم کو خاندان کا مکمل مؤقف اور تفتیشی حکام کے سوالات کے جوابات فراہم کردیے گئے ہیں۔
میر حسین کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا اور نئی ٹیم کو تحقیقات مکمل کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ ان کے مطابق آئندہ چند روز میں اہم پیش رفت سامنے آسکتی ہے اور جو بھی نتیجہ سامنے آئے گا، اسے عوام اور میڈیا کے سامنے رکھا جائے گا۔
میر رضا کیس میں اب نظریں نئی تحقیقاتی ٹیم کی کارروائی، فرانزک شواہد اور آئندہ چند روز کی پیش رفت پر مرکوز ہیں۔



