تھائی لینڈ کی ملکہ نے جنگی طیارہ اُڑا کر تاریخ رقم کردی

تھائی لینڈ(جانوڈاٹ پی کے)تھائی لینڈ کی 48 سالہ ملکہ سوتھیدا نے پہلی بار اکیلے جنگی طیارہ اڑا کر تاریخ رقم کردی

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ نے جنوبی صوبے سورات تھانی کے فوجی فضائی اڈے سے سویڈن میں تیار کردہ جے اے ایس 39 سی گریپن جنگی طیارے کو اکیلے اُڑایا۔

یہ ایک نشست والا طیارہ ماڈل ہے جس میں پرواز کے دوران کوئی دوسرا پائلٹ یا مسافر موجود نہیں تھا۔ ملک کے بادشاہ اور ملکہ کے شوہر خود بھی پائلٹ ہیں۔ یہ منظر دیکھنے کے لیے موجود تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تاریخی پرواز سے قبل ملکہ نے کئی ہفتوں تک پرواز کے مصنوعی نظام پر تربیت حاصل کی اور دو نشستوں والے گریپن طیارے میں تقریباً 10 گھنٹے مشق کی۔

اس کامیابی کے ساتھ وہ تھائی لینڈ کی پہلی خاتون گریپن پائلٹ بن گئیں۔ ملکہ سوتھیدا ماضی میں تھائی ایئرویز میں فضائی میزبان کے طور پر بھی کام کرچکی ہیں۔

انھوں نے 2010 میں پرواز کی تربیت شروع کی اور اب تک تقریباً 1,190 گھنٹے پرواز کا تجربہ حاصل کرچکی ہیں۔ وہ شاہی دوروں میں بھی معاون پائلٹ کی ذمہ داریاں ادا کرتی رہی ہیں۔

2025 میں بھوٹان کے سرکاری دورے کے دوران بھی انھوں نے شاہی طیارے میں معاون پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کی پروازوں میں بھوٹان کے دشوار گزار پارو ہوائی اڈے پر لینڈنگ بھی شامل ہے۔

پرواز کے بعد بادشاہ نے ملکہ کو گلدستہ پیش کیا اور ان کے بائیں بازو پر گریپن آرڈر کا سنہری نشان لگایا۔ ملکہ سوتھیدا نے 2019 میں بادشاہ سے شادی کی تھی جو ان کی تاج پوشی سے چند روز قبل ہوئی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button