الیکٹرک بائیک سواروں پر دو پابندیاں عائد، خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ ہوگا

پیرس(ویب ڈیسک) الیکٹرک بائیک اور سائیکل چلانے والوں کے لیے نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، جن کی خلاف ورزی پر سواروں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں الیکٹرک سائیکل اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے لیے ہیلمٹ پہننا اور روشنی کو منعکس کرنے والے چمکدار کپڑے پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ فیصلہ الیکٹرک بائیکس اور سائیکلوں کے حادثات میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے، کیونکہ ان حادثات میں سر پر شدید اور بعض اوقات مہلک چوٹیں آنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
نئے قواعد کے تحت الیکٹرک بائیک اور سائیکل سواروں کو عوامی سڑکوں پر سفر کے دوران ہر وقت حفاظتی ہیلمٹ اور روشنی منعکس کرنے والی جیکٹ یا لباس استعمال کرنا ہوگا۔
پولیس کے مطابق ہیلمٹ نہ پہننے پر 135 یورو (تقریباً 156 ڈالر) جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ چمکدار جیکٹ یا روشنی منعکس کرنے والے کپڑے استعمال نہ کرنے پر 35 یورو جرمانہ ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق پیرس میں کرائے پر دستیاب الیکٹرک سائیکلوں اور موٹر سائیکلوں پر 2023 سے پابندی عائد ہے، تاہم ذاتی ملکیت والی سائیکلیں اور سکوٹرز اب بھی بڑے پیمانے پر استعمال کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں کا مقصد الیکٹرک بائیک اور سائیکل استعمال کرنے والوں کی حفاظت یقینی بنانا اور حادثات میں سنگین چوٹوں کے خطرے کو کم کرنا ہے۔



