’’مکہ دفاعی معاہدہ کسی کیخلاف جارحیت نہیں،خطے میں امن کا مشن ہے‘‘پر وزیراعظم کابڑااعلان

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) مکہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے پر وزیراعظم شہباز شریف نے بڑا واضح پیغام دے دیا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف جارحیت کے لیے نہیں بلکہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہے۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مکہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اہم دفاعی معاہدہ طے پایا، جس پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب ایردوان اور انہوں نے دستخط کیے۔

وزیراعظم کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود دفاعی تعاون کی توسیع ہے، جبکہ ترکیہ کے ساتھ بھی پاکستان کے دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں۔

’’کئی سال کی کوششیں رنگ لے آئیں‘‘

شہباز شریف نے معاہدے کے حوالے سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے لیے کئی سال سے کوششیں جاری تھیں۔

انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا بنیادی مقصد خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کا فروغ ہے اور یہ معاہدہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ تقویت ہے۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ، ’’فتنہ الخوارج کو دن رات تباہ کیا جا رہا ہے‘‘

وزیراعظم نے ملک میں دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے ہنگو، سوات اور دیگر علاقوں میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں اور پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو دن رات تباہ کیا جا رہا ہے اور شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دوبارہ دہشتگردی سے پاک ہوگا اور امن و ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔

آزاد کشمیر پر بھی وزیراعظم کا دوٹوک مؤقف

آزاد کشمیر کے حالیہ سیاسی حالات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو بھرپور ووٹ دیا اور پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر کا ووٹ نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے اور ان کی قیادت میں خطے میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ کسی بھی معاشرے میں لاقانونیت کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جبکہ مسائل کا حل مذاکرات اور میز پر بیٹھ کر نکالا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاہم جو لوگ بات چیت کرنا چاہتے ہیں، نئی آزاد کشمیر حکومت انہیں مذاکرات کا موقع فراہم کرے گی۔

 چودہ اگست بھرپور جوش و جذبے سے منانے کااعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ پاکستان کا یوم آزادی 14 اگست بھرپور شان و شوکت سے منایا جائے گا۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ملک کو صحیح معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنایا جائے گا۔مکہ دفاعی معاہدے، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور آزاد کشمیر کی صورتحال پر وزیراعظم کے دوٹوک بیانات نے ملکی سیاسی و دفاعی منظرنامے میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button