ٹریلین ڈالر اکانومی کا ہدف، حکومت کا ’ویژن پاکستان 2047‘ لانچ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) ٹریلین ڈالر اکانومی کے ہدف کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے حکومت نے 12 اگست کو ’ویژن پاکستان 2047‘ لانچ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ’ویژن پاکستان 2047‘ پروگرام کا باضابطہ افتتاح کریں گے، جس کے تحت ملکی معیشت، ترقی اور مستحکم معاشی نمو کے لیے طویل المدتی پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ویژن پاکستان 2047 کے تحت نوجوان نسل کو مستحکم معاشی ترقی، خوشحالی اور جدت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی پروگرام بھی شامل کیے جائیں گے۔

حکومت نے وزارتِ منصوبہ بندی کے اڑان پاکستان پلان کو بھی ویژن پاکستان 2047 کے مطابق تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم آفس نے تمام وزارتوں اور متعلقہ اداروں سے ویژن پاکستان 2047 کے لیے اہداف طلب کر لیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام وزارتوں کو ویژن پاکستان 2047 کے لیے اسٹریٹجک اہداف، اصلاحات اور طویل المدتی ترقیاتی ایجنڈا فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

منصوبے میں قومی ترقی، معاشی تبدیلی، انسانی وسائل کی ترقی اور ٹیکنالوجی سے متعلق اہداف بھی شامل ہوں گے، جبکہ موسمیاتی پائیداری اور گورننس ریفارمز جیسے اہم شعبوں کو بھی ویژن پاکستان 2047 کا حصہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومت کے مطابق طویل المدتی وژن کا مقصد ملکی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرتے ہوئے ترقی، سرمایہ کاری، روزگار، انسانی وسائل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پائیدار پیش رفت یقینی بنانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button