ایران سے سفارتکاری کے دروازے بند نہیں،کشیدگی کے باوجود رابطے جاری، ٹرمپ سفارتکاری کے لیے تیار ہیں، وائٹ ہاؤس

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے باوجود سفارتی رابطے برقرار رکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب بھی مذاکرات اور سفارتکاری کے لیے تیار ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولائن لیویٹ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ صدر ٹرمپ ایران کو اس وقت جواب دہ ٹھہرائیں گے جب وہ امریکا سے کیے گئے وعدوں سے پیچھے ہٹے گا، تاہم امریکا نے سفارتکاری کے دروازے بند نہیں کیے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران نے اب بھی معاہدہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور ایران کو ایسے اقدامات کی قیمت چکانا ہوگی۔

کیرولائن لیویٹ نے کہا کہ اگر ایران مذاکرات کی راہ اختیار نہیں کرتا تو امریکا مزید سخت اقدامات پر غور کر سکتا ہے۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ بھی خبردار کر چکے ہیں کہ مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں حملوں کا دائرہ کار بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے ایران کے ایک اسکول پر مبینہ حملے سے متعلق کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور امریکی فوج کبھی جان بوجھ کر بچوں یا شہریوں کو نشانہ نہیں بناتی۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے کر کے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی خلاف ورزی کی، جس کے بعد امریکا نے حالیہ فوجی کارروائیاں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

مزید خبریں

Back to top button