آزاد کشمیر انتخابات: شیری رحمان کا پولنگ میں تاخیر اور پیپلز پارٹی ایجنٹس کو روکنے پر اظہارِ تشویش

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے آزاد کشمیر میں پولنگ کے آغاز میں تاخیر اور پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو بعض پولنگ اسٹیشنز میں داخلے سے روکنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ایل اے 16 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 61 جبکہ ایل اے 15 کے پولنگ اسٹیشنز نمبر 87، 143 اور 144 پر بروقت پولنگ شروع نہ ہونا تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ میں تاخیر کا خمیازہ ووٹرز کو نہیں بھگتنا چاہیے، ضائع ہونے والے وقت کو پورا کرکے ووٹرز کو حقِ رائے دہی کا مکمل موقع فراہم کیا جائے۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے کہا کہ ایل اے 16 کے پولنگ اسٹیشنز نمبر 119 اور 120 پر پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو داخلے سے روکنا انتخابی شفافیت پر سنگین سوال ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسران سے پیپلز پارٹی کے ایجنٹس کو روکنے کی وضاحت طلب کی جائے۔
شیری رحمان نے ایل اے 15 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 158 سے پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹ کو باہر نکالے جانے کا بھی فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کو انتخابی عمل کی نگرانی سے روکنا شفاف انتخابات کے منافی ہے، الیکشن کمیشن کو معاملے میں فوری مداخلت کرنی چاہیے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پولنگ عملے یا انتخابی سامان کی کمی کی صورت میں فوری طور پر متبادل انتظام کیا جائے تاکہ ووٹرز کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی عمل میں کسی بھی رکاوٹ یا بے ضابطگی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، الیکشن کمیشن فوری طور پر شکایات کا ازالہ کرے۔
سینیٹر شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر قانون کے مطابق آزادانہ، شفاف اور بلا رکاوٹ پولنگ یقینی بنائی جائے۔



