گولارچی میں ایم آر ڈی شہداء کو خراجِ عقیدت، پیپلز پارٹی کی قرآن خوانی

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) گولارچی کے چانڈیو ہاؤس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ایم آر ڈی تحریک کے شہداء کے ایصالِ ثواب اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سجاد چانڈیو نے کہا کہ ایم آر ڈی تحریک کے شہداء نے جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ایم آر ڈی تحریک ملکی تاریخ کی ایک اہم جمہوری جدوجہد تھی، جس میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور جمہوریت پسند عوام نے آمریت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ شہداء نے جمہوریت اور عوامی حقوق کی خاطر ظلم و جبر برداشت کیا اور اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔

ڈاکٹر سجاد چانڈیو کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیوں سے جمہوریت پسند قوتوں کو حوصلہ ملا اور عوام کے آئینی و جمہوری حقوق کی جدوجہد کو تقویت حاصل ہوئی۔ پیپلز پارٹی اپنے شہداء کو صرف یاد ہی نہیں کرتی بلکہ ان کے نظریے اور جدوجہد کو آگے بڑھانے کے عزم پر بھی قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی جدوجہد اور قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

تقریب کے دوران قرآن خوانی کی گئی اور ایم آر ڈی تحریک کے شہداء سمیت تمام مرحومین کے ایصالِ ثواب، مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب میں پیپلز پارٹی تعلقہ گولارچی کے صدر عرفان گجر، نائب صدر چوہدری حاجی ولایت لک جونیئر فاضل راہو، حاجی عبدالغفور میمن، سینئر نائب صدر مخدوم غلام مصطفیٰ، عبدالمالک شیخ، میر غلام مصطفیٰ تالپور، ڈاکٹر ممتاز میمن، لیبر رہنما رفیق میمن، کامریڈ اسلم میمن، ڈاکٹر رؤف، عمران شیخ، عبدالرحمن بہادر میمن، گلزار میمن، پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی صدر پٹھانی ببر، سٹی صدر ارباب ریحانہ نہڑیو سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button