عباس عراقچی نے امریکااسرائیل تعلقات کو’’طفیلی‘‘قراردیدیا

تہران (جانو ڈاٹ پی کے)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل کے دفاعی تعلقات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی فائدے کے بجائے ایک ’’طفیلی تعلق‘‘ کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران امریکا نے اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام پر امریکی ٹیکس دہندگان کے 11 ارب ڈالر خرچ کیے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق اسرائیل کے دفاع کے لیے امریکا نے اسرائیل کے مقابلے میں زیادہ میزائل روکنے والے انٹرسیپٹرز بھی استعمال کیے۔ انہوں نے اس صورت حال کو امریکا اور اسرائیل کے تعلقات میں عدم توازن کی مثال قرار دیا۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ یہ اخراجات دونوں ممالک کے تعلقات کو باہمی فائدے پر مبنی قرار دینے کے بجائے ایک ایسے تعلق کی عکاسی کرتے ہیں جس میں ایک فریق دوسرے کے وسائل سے زیادہ فائدہ اٹھا رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں میزائل دفاع، عسکری تعاون اور دفاعی اخراجات کے حوالے سے بحث جاری ہے۔ تاہم 11 ارب ڈالر کے اخراجات اور انٹرسیپٹرز کے استعمال سے متعلق اعداد و شمار عراقچی کے بیان سے منسوب ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button