دنیا کے تیل ذخائر خطرناک حد تک کم، بحالی میں 2 سال لگ سکتے ہیں، آرامکو

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی آرامکو کے سربراہ امین ناصر نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کے باعث دنیا کے تیل کے ذخائر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جنہیں دوبارہ معمول کی سطح پر لانے میں دو سال تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
امین ناصر کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث خطے سے تیل کی سپلائی میں تقریباً 3 ارب بیرل کی کمی ہوئی، جبکہ طلب پوری کرنے کے لیے ہنگامی ذخائر سے اب تک ایک ارب بیرل تیل نکالا جا چکا ہے۔
سربراہ آرامکو نے بتایا کہ مختلف حکومتوں نے بھی اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے 30 کروڑ بیرل سے زائد تیل جاری کیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر ہنگامی ذخائر پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب خام تیل کی برآمد کے لیے اضافی راستوں کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ بیرون ملک تیل ذخیرہ کرنے کی سہولیات تلاش کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
امین ناصر کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں تیل کے ذخائر کو دوبارہ مطلوبہ سطح تک پہنچانے کے لیے طویل وقت درکار ہوگا اور اس عمل میں دو سال تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔



