ماتلی میں نان کسٹم پیڈ سگریٹ کے خلاف کریک ڈاؤن،150 پیکٹ ضبط

ماتلی (اے۔ایم۔گدی) ماتلی شہر میں نان کسٹم پیڈ اور نان فیڈرل ایکسائز و سیلز ٹیکس پیڈ سگریٹ کی کھلے عام فروخت سے متعلق اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ میں مسلسل سامنے آنے والی رپورٹس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائیوں کا دائرہ وسیع کر دیا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ڈاکٹر راشد چنا نے مختیارکار ماتلی معصب جونیجو اور اپنی ٹیم کے ہمراہ شہر کی مرکزی مارکیٹ میں ایک دکان پر چھاپہ مار کر نان کسٹم پیڈ اور نان فیڈرل ایکسائز و سیلز ٹیکس پیڈ سگریٹ کے 150 پیکٹ ضبط کر لیے۔ ضبط شدہ سگریٹ سرکاری تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ چھاپہ مار ٹیم کے مطابق یہ سگریٹ ملکی کسٹم، فیڈرل ایکسائز اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فروخت کیے جا رہے تھے، جن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی اور نان ٹیکس پیڈ اشیاء کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا۔



