بدین: کمشنر حیدرآباد ڈویژن کا اعتماد ہومز میں بچوں کی تعلیم و تربیت اور رہائشی سہولیات کا معائنہ

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن / جانو ڈاٹ/ پی کے)کمشنر حیدرآباد ڈویژن جناب فیاض حسین عباسی نے ضلع بدین میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت، معیاری تعلیم اور تربیت کے لیے قائم فلاحی ادارے "اعتماد ہومز (Aitmaad Home)” کا تفصیلی دورہ کر کے وہاں فراہم کی جانے والی تعلیمی اور رہائشی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین جناب یاسر بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے دورے کے دوران کمشنر حیدرآباد نے مختلف کلاس رومز اور رہائشی شعبوں کا معائنہ کیا، مقیم بچوں اور اساتذہ سے ملاقات کی اور ادارے کے عمومی انتظام و انصرام پر کامل اطمینان کا اظہار کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے سابق آئی جی سندھ پولیس جناب غلام نبی میمن کے وژن اور انتھک کوششوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جناب غلام نبی میمن کی ذاتی کاوشوں اور جذبے کی بدولت ہی بدین جیسے ضلع میں یتیم بچوں کے لیے اتنے اعلیٰ اور معیاری فلاحی و تعلیمی ادارے کا قیام ممکن ہو سکا ہے، جہاں ان کی بہترین دیکھ بھال کی جا رہی ہے انہوں نے یتیم بچوں کی پرورش، معیاری تعلیم، اخلاقی تربیت اور نظم و ضبط پر ادارے کی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button