اوکاڑہ: سابق ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کو پروقار الوداع، عوامی خدمات پر بھرپور خراجِ تحسین

اوکاڑہ: (رپورٹ: وحید آرائیں/جانوڈاٹ پی کے) سابق ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کے تبادلے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ، عوامی نمائندوں، انجمن تاجران، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے انہیں پروقار انداز میں الوداع کہا اور ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں شریک معززین اور سرکاری افسران نے احمد عثمان جاوید کو نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤالدین نے کہا کہ احمد عثمان جاوید نے بطور ڈپٹی کمشنر انتہائی دیانتداری، ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔
سیاسی و سماجی رہنما میاں سرفراز حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ احمد عثمان جاوید نے اوکاڑہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات کیے، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں تاجر برادری، ضلعی امن کمیٹی اور شہریوں کے مسائل کو جس مستعدی اور خوش اسلوبی سے حل کیا گیا، وہ دیگر افسران کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
تقریب کے اختتام پر سابق ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں سووینیر اور الوداعی تحائف پیش کیے گئے، جبکہ ان کی نئی ذمہ داریوں میں کامیابی اور مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔



