گوجرانوالہ میں بارش نے تباہی مچا دی، گھر کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق، متعدد زخمی

گوجرانوالہ(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ میں موسلا دھار بارش کے باعث کچے گھر کی چھت منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے دو بچے جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق نوشہرہ روڈ پر واقع مٹی اور لکڑی سے بنے کمزور مکان کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں 7 سالہ شاہین اور 6 ماہ کا شان علی ملبے تلے دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے، امدادی کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو ملبے سے نکالا اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

حادثے میں زخمی ہونے والی سلمیٰ اور 10 سالہ ثناء کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ 5 سالہ خدیجہ کو معمولی چوٹیں آئیں جن کا علاج موقع پر ہی کیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق مسلسل بارش کے باعث کمزور کچے مکان کی چھت منہدم ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں بارش سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button