کراچی میں ارباب انور جبار کی پیر صاحب پگارا سے ملاقات،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (GDA) کے مرکزی رہنما اور سابق ضلع ناظم تھرپارکر ارباب انور جبار نے کراچی میں حروں کے روحانی پیشوا، فنکشنل مسلم لیگ اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی (پیر صاحب پگارا) سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملک، بالخصوص سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی سیاسی سرگرمیوں اور تنظیم کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سندھ کے عوامی مفادات، سیاسی استحکام اور آئندہ سیاسی حالات سے متعلق مختلف امور پر مشاورت بھی کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔
سیاسی حلقوں کے مطابق یہ ملاقات جی ڈی اے کی مستقبل کی سیاسی سرگرمیوں اور سندھ کے مجموعی سیاسی منظرنامے کے حوالے سے اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔



