کیٹی گاؤں مالو میگھواڑ میں زمین کا تنازع، مسلح افراد کی جانب سے دھمکیوں کے الزامات،فصل اجاڑنے کی کوشش

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) کیٹی گاؤں مالو میگھواڑ میں میگھواڑ برادری کی زرعی زمین پر مبینہ طور پر زبردستی مویشی چھوڑنے اور فصل اجاڑنے کی کوشش کے معاملے پر دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ متاثرہ فریق نے الزام عائد کیا ہے کہ لنڈ برادری کے افراد مبینہ طور پر میگھواڑ برادری کی زمین میں زبردستی مویشی چھوڑ رہے ہیں اور کھڑی کپاس کاٹ کر مویشیوں کو کھلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
متاثرہ میگھواڑ فریق کا کہنا ہے کہ بکریوں کو زمین سے باہر نکالنے پر لنڈ فریق سے وابستہ مبینہ مسلح افراد نے میگھواڑ برادری کے بچوں اور خواتین پر اسلحہ تان کر دھمکیاں دیں۔ ان کا الزام ہے کہ مسلح افراد کئی دنوں سے علاقے میں گشت کر رہے ہیں اور زمین میں موجود میگھواڑ خواتین کو بھی مبینہ طور پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
متاثرہ فریق نے مزید الزام عائد کیا کہ پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود مقررہ اہلکار مبینہ طور پر میگھواڑ برادری ہی پر دباؤ ڈال رہے اور انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں، جس کے باعث برادری میں پولیس کے حوالے سے بے اعتمادی پیدا ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقررہ پولیس اہلکار مبینہ طور پر بااثر فریق کا ساتھ دیتے نظر آ رہے ہیں۔
میگھواڑ برادری کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی جانب سے مبینہ طور پر 24 گھنٹے زمین کا گھیراؤ کیے جانے کے باعث کسی بھی وقت تصادم اور خونریزی کا خدشہ موجود ہے۔ متاثرہ فریق نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی جان، مال اور زرعی زمین کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکا جائے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان دوبارہ جھگڑے کا خدشہ موجود ہے۔ میگھواڑ برادری اور متاثرہ فریق نے ایس ایس پی تھرپارکر سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے غیرجانبدار پولیس تعینات کی جائے اور مبینہ مسلح افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔



