دہشت گردی ہماری بچیوں کا مستقبل نہیں، نوجوانوں کو ہنرمند بنائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور انہیں جدید مہارتوں سے لیس کرکے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن معاونت کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا اعتراف ہے کہ نوجوان اپنی تعلیم مکمل کرکے گریجویٹس بن چکے ہیں۔ حکومت سنبھالنے کے بعد محسوس ہوا کہ نوجوانوں اور حکومت کے درمیان فاصلہ موجود ہے، اسی فاصلے کو ختم کرنے اور نوجوانوں کو ریاست و حکومت سے جوڑنے کے لیے سماجی تنظیموں کے اشتراک سے یہ منصوبہ شروع کیا گیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے ساتھ ساتھ مالی معاونت بھی فراہم کرے گی اور آئندہ تین سے چار سال تک ان کی معاونت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بچیوں کا ہاتھ پکڑ کر انہیں منزل تک پہنچائیں گے، دہشت گردی بلوچستان کی بچیوں کا مستقبل نہیں۔ دہشت گرد اور اسمگلر نوجوانوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے تھے اور بعض نوجوانوں کو خودکش بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ان کی ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ خواتین آگے بڑھیں، کیونکہ خواتین ترقی کریں گی تو ان کے بھائی اور دیگر نوجوان بھی آگے بڑھیں گے۔ حکومت بااختیار خواتین کو معاشرے میں آگے آتا دیکھنا چاہتی ہے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، نوجوانوں کو غیر قانونی کے بجائے قانونی راستے پر آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں، حکومت ان کے ساتھ ہے۔



