مذاکراتی ڈیڈلاک ختم کرانے کی کوششیں تیز، حکومتی کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان کی رپورٹ وزیراعظم کو دے دی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردی، جبکہ مذاکراتی ڈیڈلاک ختم کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کے ممکنہ مصالحانہ کردار پر بھی مشاورت آگے بڑھ گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان مذاکراتی تعطل ختم کرانے اور فریقین کے درمیان تنازعات طے کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر آمادہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم کو مولانا فضل الرحمان کی جانب سے مصالحانہ کردار ادا کرنے کے لیے پیش کی گئی شرائط سے بھی آگاہ کردیا ہے، جبکہ مولانا فضل الرحمان کا خصوصی پیغام بھی وزیراعظم شہباز شریف تک پہنچا دیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی متوقع ہے، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے امور پر بات چیت کا امکان ہے۔



