ماتلی میں 16 ایکڑ زرعی زمین پر مبینہ قبضے کی کوشش،متاثرہ خاندان کا احتجاج

ماتلی (جانوڈاٹ پی کے ) تعلقہ ماتلی کے گاؤں گاھی خان لغاری کے رہائشیوں نے اپنی 16 ایکڑ زرعی زمین پر مبینہ قبضے کی کوشش کے خلاف بااثر افراد کے خلاف ماتلی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر گاؤں کے رہائشی اشفاق حسین لغاری اور دیگر نے صحافیوں کے سامنے اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے اپنی زندگی میں بعض افراد کو عارضی طور پر مذکورہ زمین پر رہنے کی اجازت دی تھی، تاہم والد کی وفات کے بعد ان افراد نے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات تیار کرکے محکمہ ریونیو کے حکام کو درخواستیں دینا شروع کردی ہیں اور ان کی 16 ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اشفاق حسین لغاری کا کہنا تھا کہ علاقے کے بعض افراد مبینہ طور پر بااثر لوگوں کی حمایت کرتے ہوئے انہیں زمین پر قبضے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ پولیس محکمہ میں اہلکار کے طور پر فرائض انجام دینے والے ان کے بڑے بھائی کو بھی مبینہ طور پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اسے ملازمت سے محروم کرا دیا جائے گا۔ اشفاق حسین لغاری نے اعلیٰ ریونیو اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، مبینہ قبضے کی کوشش کو روکا جائے، اگر جعلی دستاویزات کا معاملہ ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں و ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button