ماتلی کے پرائمری اساتذہ کی سروس اسٹرکچر کی بحالی کیلئے احتجاجی ریلی

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) ماتلی کے پرائمری اساتذہ نے سروس اسٹرکچر کی بحالی اور دیگر مطالبات کے حق میں ریلی نکال کر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ فیض اللہ نظامانی، نثار بھرگڑی، عابد راجپوت، شاہنواز نظامانی، رميز آرائیں، احمد پرہیاڑ، شاہ محمد رند، نور احمد مہندو اور دیگر اساتذہ کی قیادت میں اردو پرائمری اسکول سے ریلی نکالی گئی، جس میں شریک اساتذہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ماتلی پریس کلب کے سامنے پہنچی، جہاں اساتذہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کا کہنا تھا کہ پرائمری اساتذہ کو طویل عرصے سے مختلف سہولیات اور مراعات کی فراہمی کی یقین دہانیاں کرائی جا رہی ہیں، تاہم عملی طور پر ان کے مسائل حل نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ محدود سہولیات اور مشکلات کے باوجود پرائمری اساتذہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے انجام دے رہے ہیں، لیکن انہیں جائز حقوق اور مراعات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ احتجاج کرنے والے اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ پرائمری اساتذہ کا سروس اسٹرکچر بحال کیا جائے اور انہیں دیگر ملازمین کی طرح جائز سہولیات و مراعات فراہم کرکے ان کے مطالبات فوری طور پر حل کیے جائیں۔



