کانگو کے جنگلات میں گلابی نارنجی ہونٹوں والے بندر کی نئی نسل دریافت

کانگو(جانوڈاٹ پی کے)افریقی ملک کانگو کے جنگلات میں گلابی نارنجی ہونٹوں والے بندر کی ایک نئی نسل دریافت کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملک کے وسطی مشرقی حصے میں واقع لومامی نیشنل پارک کے گھنے جنگلات میں اس بندر کو دیکھا گیا ہے جس کا رنگ کالا اور ہونٹ گلابی نارنجی رنگ کے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بندر کی اس نسل کی تصویر 2008 میں بھی لی گئی تھی لیکن دھندلی تصویر ہونے کے سبب کچھ واضح نہیں ہوسکا تھا۔
اب 10 سال بعد دوبارہ دیکھے جانے پر ایک بین الاقوامی ٹیم نے اس بندر کو تلاش کرنے اور اس کا مطالعہ کرنے کے لیے کام شروع کیا اور یہ انکشاف کیا کہ یہ ایک ایسی نسل ہے جس کے بارے میں پہلے کوئی علم نہیں تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فلوریڈا اٹلانٹک یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے طالب علم نے اس بندر کی تلاش میں اہم کردار ادا کیا جس میں آڈیو ریکارڈنگ، فوٹو گرافی اور تفصیلی جینیاتی مطالعہ شامل تھے جس کے نتائج جریدے PLOS One میں شائع ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ گزشتہ 75 برسوں میں دریافت ہونے والی افریقی بندر کی صرف پانچویں قسم ہے۔



