پنجاب میں کرپشن کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 54 افسران و اہلکار معطل یا نوکری سے فارغ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں کرپشن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 54 افسران اور اہلکار معطل یا نوکریوں سے برخاست ہوچکے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرپشن کے خلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کیا ہے اور صوبے کے تمام محکموں سے کرپشن کا خاتمہ ان کا مشن ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ صرف محکمہ خوراک میں 48 افسران و اہلکار گرفتار کیے گئے، جبکہ 6 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست اور 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کی پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی ٹی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ کا ٹھیکہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کرپشن معاشرے کا ناسور بن چکی ہے اور اس کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رہے گا، کسی کو سیاسی یا ذاتی طور پر ٹارگٹ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے جو فیصلے کیے، ان پر عمل درآمد بھی کروایا، جبکہ تنقید اور منفی پروپیگنڈا بھی انہیں کمزور نہیں کرسکا بلکہ وہ مزید مضبوط ہوئیں۔

مزید خبریں

Back to top button