مادرِ وطن کا دفاع مقدس امانت، ثابت قدمی سے نبھاتے رہیں گے، ایئر چیف مارشل

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاک فضائیہ نے ملک بھر کے تمام فضائی اڈوں پر 7 ستمبر کو یومِ شہدا کے طور پر منایا، جس کا مقصد مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ شہدا کا آغاز 1965ء اور 1971ء کی جنگوں، معرکۂ حق اور قیامِ پاکستان سے اب تک دفاعِ وطن کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائے مغفرت اور قرآن خوانی سے ہوا۔

ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ مرکزی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے، جنہوں نے پاک فضائیہ کے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ایئر چیف نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں پاک فضائیہ کی شاندار روایات، جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بزرگوں کی شجاعت محض تاریخ کا حصہ نہیں بلکہ موجودہ نسل کے لیے ایک زندہ ورثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شہدا جرأت، قربانی اور قومی عزم کی لازوال علامت ہیں، جبکہ ان کی میراث ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مادرِ وطن کا دفاع ایک مقدس امانت ہے جسے ثابت قدمی اور بھرپور عزم کے ساتھ نبھایا جائے گا۔

تقریب کے موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

شہدا کی قربانیاں قوم کا قیمتی ورثہ ہیں، وطن کے محافظوں کو سلام۔ 🇵🇰

مزید خبریں

Back to top button